ایران کے خلاف جنگ میں جیت امریکا کی ہوگی، معاہدہ ہوا تو اچھا ہوگا ورنہ نہیں: ٹرمپ

فہرستِ مضامین

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ یا تو ایسا معاہدہ ہوگا جو امریکا کے لیے قابلِ قبول ہو، یا پھر کوئی معاہدہ نہیں ہوگا، تاہم جنگ کے نتیجے میں امریکا کامیاب ہوگا۔

امریکی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں ٹرمپ سے ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے اور خطے میں مزید امریکی فوج بھیجنے سے متعلق سوال کیا گیا، جس پر ان کا کہنا تھا کہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے لیکن ابھی اس کے لیے تیار نہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ ایسا معاہدہ کرے گا جو اس کے لیے بہتر ہو، بصورتِ دیگر معاہدہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کے بقول امریکا پہلے ہی جنگ میں کامیابی کی جانب بڑھ رہا ہے۔

امریکی صدر نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بھی بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امریکی افواج کو آبی گزرگاہ پر مضبوط کنٹرول حاصل ہے اور ایرانی ریڈار نظام کو نشانہ بنایا جاچکا ہے۔

ٹرمپ نے ایران کی معاشی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ملک میں مہنگائی 300 فیصد تک پہنچ چکی ہے اور ایرانی معیشت شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ یہ اعداد و شمار اور دیگر دعوے ٹرمپ کے اپنے بیان پر مبنی ہیں۔

اس سے قبل ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ اپنے اختتام کی جانب بڑھ سکتی ہے، تاہم بعد میں انہوں نے ایران کے خلاف آئندہ فوجی کارروائی کے حوالے سے اہم فیصلے کا عندیہ بھی دیا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں