واشنگٹن: امریکی وائٹ ہاؤس نے یوٹیوب پر 24 گھنٹے چلنے والا ’ٹرمپ ٹی وی: دی ایسینشلز اسٹیشن‘ شروع کردیا ہے، جس پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ سے متعلق تقاریر، اعلانات، اہم بیانات اور دیگر ویڈیوز نشر کی جائیں گی۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق چینل پر صدر کی اہم سرگرمیوں اور انتظامیہ سے متعلق مواد مسلسل نشر کیا جائے گا، جبکہ اس کی نشریات یوٹیوب کے ساتھ وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں۔
’ٹرمپ ٹی وی‘ کا آغاز ایسے وقت میں ہوا ہے جب وائٹ ہاؤس اور امریکی میڈیا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ صدر ٹرمپ نے حال ہی میں سی این این، ایم ایس ناؤ اور پولیٹیکو کے صحافیوں کو وائٹ ہاؤس میں داخلے سے روکنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد تینوں اداروں نے انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی بھی شروع کردی ہے۔
اس کے بعد اے بی سی، سی بی ایس، فاکس نیوز اور این بی سی سمیت بڑے امریکی ٹی وی نیٹ ورکس نے وائٹ ہاؤس کے مشترکہ ٹی وی پول کی کوریج روکنے کا اعلان کیا۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے ’ٹرمپ ٹی وی‘ کا آغاز اسی میڈیا تنازع کے دوران حکومت کی سرگرمیوں اور صدر کے پیغامات کو براہِ راست ناظرین تک پہنچانے کے ایک نئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے طور پر سامنے آیا ہے۔