مصر کی فٹبال ٹیم کے کپتان اور معروف فٹبالر محمد صلاح پر برطانیہ میں تیز رفتاری کے مقدمے میں عدالت نے 6 ماہ کے لیے ڈرائیونگ پر پابندی عائد کردی، جبکہ انہیں ایک ہزار 44 پاؤنڈ جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق محمد صلاح کی رولز رائس گاڑی کو 27 مارچ کو چیشائر کے علاقے ولمزلو میں ایک ایسے روڈ پر اسپیڈ کیمرے نے ریکارڈ کیا جہاں رفتار کی حد 30 میل فی گھنٹہ مقرر تھی۔
رپورٹ کے مطابق گاڑی 36 میل فی گھنٹہ، یعنی تقریباً 58 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کر رہی تھی۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق محمد صلاح نے پولیس کو یہ معلومات فراہم نہیں کیں کہ واقعے کے وقت گاڑی کون چلا رہا تھا۔ پولیس کی جانب سے بھیجے گئے قانونی نوٹس کا جواب نہ دینے اور الزام پر اپنا مؤقف پیش نہ کرنے کے بعد معاملہ عدالت میں پہنچا۔
وارنگٹن کمبائنڈ کورٹ میں سماعت کے دوران عدالت نے محمد صلاح پر مجموعی طور پر ایک ہزار 44 پاؤنڈ جرمانہ عائد کیا اور 6 ماہ کے لیے ان کا ڈرائیونگ لائسنس معطل کردیا۔
یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب محمد صلاح نے لیورپول کے ساتھ اپنے تقریباً 9 سالہ سفر کے اختتام کا اعلان کیا تھا۔ 24 مارچ کو لیورپول نے ان کی رخصتی کی تصدیق کرتے ہوئے انہیں کلب کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار کیا تھا۔
محمد صلاح نے لیورپول کی جانب سے 442 میچز کھیلے اور اس دوران 257 گول اسکور کیے۔ 2025-26 سیزن کے اختتام پر انہوں نے لیورپول سے علیحدگی اختیار کی اور ترک کلب ٹرابزون اسپور سے وابستہ ہوگئے۔