پاکستانی سکیورٹی فورسز نے افغانستان سے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے والے 8 ڈرونز کو مار گرایا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بدھ کی صبح افغان طالبان کی جانب سے 8 ڈرونز پاکستانی حدود کی جانب بھیجے گئے، جنہیں افواج پاکستان کے مستعد اور فعال فضائی دفاعی نظام نے بروقت شناخت کرکے ناکام بنا دیا۔
ذرائع کے مطابق 4 ڈرونز طورخم بارڈر سے ملحقہ علاقوں میں جبکہ دیگر 4 ڈرونز کوہاٹ سے متصل پہاڑی سرحدی علاقوں میں مار گرائے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فضائی دفاعی نظام سرحدی علاقوں میں مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور تمام ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈرونز کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا، جبکہ تباہ کیے گئے ڈرونز کے ملبے سے متعلق کارروائی بھی جاری ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے اس واقعے کو افغان طالبان کی جانب سے پاکستان کے خلاف مبینہ سرگرمیوں سے جوڑا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ یہ دہشت گرد عناصر کی معاونت اور سرپرستی کا ایک اور ثبوت ہے۔ یہ مؤقف پاکستانی سکیورٹی ذرائع کا ہے۔
دوسری جانب، یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ رات کرم سیکٹر میں سرحد پار سے مبینہ فائرنگ کے بعد پاکستانی سکیورٹی فورسز اور افغان طالبان کے درمیان کشیدگی کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔