اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ مؤخر کیے جانے تک حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات نہیں ہوسکتے۔
رانا ثنا اللہ نے جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں سڑکوں پر رکھے گئے کنٹینرز حفاظتی اقدامات کا حصہ ہیں، جبکہ سڑکیں کھلی ہیں اور آمدورفت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ بیک ڈور رابطے اب بھی موجود ہیں، تاہم لانگ مارچ مؤخر کیے جانے تک مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ کے حوالے سے صرف بیانات سامنے آرہے ہیں اور ان کے بقول عملی طور پر مارچ نہیں ہوگا۔
وزیراعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں کسی کو بھی چڑھ دوڑنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔