ریلیف عوام تک نہ پہنچا تو پمپس کے خلاف کارروائی ہوگی: وزیر پیٹرولیم

فہرستِ مضامین

اسلام آباد: وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے فیول ریلیف اسکیم کے تحت صارفین کو مقررہ ریلیف فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔

علی پرویز ملک کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا، جس میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی اور فیول ریلیف اسکیم پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی کہ اسکیم کے تحت ملک بھر کے 10 ہزار پیٹرول پمپس میں سے 8 ہزار 500 سے زائد کو ادائیگیاں مکمل کی جاچکی ہیں۔

وزیرِ پیٹرولیم نے ایندھن کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال یا سڑکوں کی بندش کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل متاثر نہیں ہونی چاہیے۔

علی پرویز ملک نے ہدایت کی کہ فیول ریلیف اسکیم کے تحت صارفین کو ملنے والے ریلیف سے محروم کرنے والے پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کی جائے۔

اجلاس میں ریلوے حکام نے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔

حکام کے مطابق پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو ڈپوؤں پر اضافی ایندھن ذخیرہ رکھنے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں