نیویارک: وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی تو ملک گزشتہ سال کی طرح اس کا جواب دے گا۔
نیویارک میں پاکستانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں پاکستان کو درپیش اہم مسائل کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کیا اور بھارت کیلئے بھی واضح پیغام دیا۔
وزیر دفاع کے مطابق وزیراعظم نے خبردار کیا کہ اگر پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی تو گزشتہ سال کی طرح جواب دیا جائے گا۔ خواجہ آصف نے اس موقع پر امن کو ترجیح دینے کی بات بھی کی۔
افغان پالیسی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے اپنے اقتدار کو برقرار رکھنے کیلئے ایک مخصوص افغان پالیسی اختیار کی تھی، موجودہ حکومت کا اس پالیسی سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں اختیار کی گئی افغان پالیسی کے نتائج آج پاکستان کو بھگتنا پڑ رہے ہیں اور ملک کو درپیش مسائل ان پالیسیوں کے اثرات کا نتیجہ ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان آج ان مسائل سے نمٹ رہا ہے اور ماضی میں بچھائے گئے راستے کے ’’کانٹے‘‘ خود چن رہا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ میں اپنے خطاب کے دوران پاکستان کو درپیش علاقائی اور عالمی مسائل پر تفصیلی مؤقف پیش کیا اور عالمی برادری کی توجہ اہم معاملات کی جانب مبذول کرائی۔
خواجہ آصف کا یہ بیان پاکستان اور بھارت کے درمیان گزشتہ برس ہونے والی فوجی کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ ان کے مطابق مستقبل میں اگر پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی تو ملک اس کا جواب دینے کیلئے تیار ہے۔