18 لاکھ کا قرض، پھر انوشکا کا آرڈر اور کاروبار نے پلٹا کھا لیا

فہرستِ مضامین

بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما کے ایک آرڈر اور بعد میں کی جانے والی سوشل میڈیا پوسٹ نے ممبئی کے ایک چھوٹے سے ریسٹورنٹ کا کاروبار اس حد تک بدل دیا کہ لاکھوں روپے کے قرض میں ڈوبنے والے مالکان نے بعد میں چار برانچز قائم کرلیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے علاقے چیمبور میں واقع ریسٹورنٹ ’دہلی سے‘ دو بھائیوں جسپال سنگھ خالصہ اور مہندر سنگھ خالصہ نے اکتوبر 2021 میں شروع کیا تھا۔ ابتدا میں یہ صرف 250 مربع فٹ کی چھوٹی سی دکان تھی، جہاں تین میزوں پر صرف 9 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔

ریسٹورنٹ کھلنے کے چند ماہ بعد کاروبار میں کمی آنے لگی اور ستمبر 2022 تک دونوں بھائی تقریباً 18 لاکھ بھارتی روپے کے مقروض ہوگئے۔ حالات یہاں تک پہنچ گئے کہ انہوں نے ریسٹورنٹ بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

اسی دوران معروف اسٹینڈ اَپ کامیڈین ابھیشیک اپمنیو نے ریسٹورنٹ کا رخ کیا اور وہاں کے چھولے بھٹورے کھانے کے بعد انسٹاگرام اسٹوری میں ان کی تعریف کی۔ اس پوسٹ کے بعد ریسٹورنٹ میں گاہکوں کی تعداد بڑھنے لگی۔

رپورٹ کے مطابق ابھیشیک اپمنیو کی پوسٹ ہی کے ذریعے انوشکا شرما کو بھی ریسٹورنٹ کا علم ہوا۔ اداکارہ ممبئی میں اپنے شوہر اور بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے لیے دہلی کے روایتی ذائقے والے چھولے بھٹورے تلاش کر رہی تھیں۔

انوشکا شرما نے ریسٹورنٹ سے دو پلیٹ چھولے بھٹورے آرڈر کیے اور انہیں جوہو میں واقع اپنے گھر پہنچانے کو کہا۔

ریسٹورنٹ کے مالک جسپال سنگھ کے مطابق اس وقت ایک پلیٹ کی قیمت صرف 120 بھارتی روپے تھی، جبکہ جوہو تک ڈیلیوری کا خرچ آرڈر کی رقم سے زیادہ بنتا تھا۔ فون کرنے والی خاتون نے اضافی ڈیلیوری چارجز ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی اور ادائیگی کے لیے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات مانگیں۔

جسپال سنگھ نے بتایا کہ انہیں ابتدا میں شک ہوا کہ شاید کوئی مذاق یا فراڈ کیا جا رہا ہے، تاہم متعدد فون کالز کے بعد خاتون نے بتایا کہ وہ ویرات کوہلی کے گھر سے بات کر رہی ہیں۔

کھانا پہنچانے کے بعد ریسٹورنٹ انتظامیہ کو دوبارہ فون کرکے انوشکا شرما کی انسٹاگرام پوسٹ دیکھنے کو کہا گیا۔ اداکارہ نے پوسٹ میں ممبئی میں دہلی جیسے چھولے بھٹورے ملنے پر خوشی کا اظہار کیا اور ریسٹورنٹ کا پتا بتانے پر ابھیشیک اپمنیو کا شکریہ بھی ادا کیا۔

جسپال سنگھ کے مطابق انوشکا شرما کی پوسٹ کے تقریباً آدھے گھنٹے بعد ریسٹورنٹ کے باہر گاہکوں کا بڑا ہجوم جمع ہوگیا۔ فون مسلسل بجنے لگے اور صورتحال کو سنبھالنے کے لیے پولیس کو بھی طلب کرنا پڑا۔

ریسٹورنٹ مالکان کے مطابق اب ممبئی میں ’دہلی سے‘ کی چار برانچز قائم ہوچکی ہیں، جہاں روزانہ 3 ہزار سے زائد پلیٹیں فروخت ہوتی ہیں۔ ان کے مطابق مشکل وقت میں ماہانہ فروخت تقریباً ڈیڑھ لاکھ بھارتی روپے تک رہ گئی تھی، جو اب بڑھ کر تقریباً 2 کروڑ بھارتی روپے ماہانہ تک پہنچ چکی ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں