موجودہ حالات میں لانگ مارچ مؤخر کیا جائے: شوکت یوسفزئی

فہرستِ مضامین

پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے پارٹی قیادت سے ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر لانگ مارچ فوری طور پر ملتوی کرنے کی درخواست کردی۔

شوکت یوسفزئی نے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور دیگر رہنماؤں کے نام خط میں کہا ہے کہ بیرونی خطرات اور دہشتگردی میں اضافے کے باعث احتجاجی مارچ مؤخر کرنا ملک کے وسیع تر مفاد میں ہوگا۔

خط میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت بعض معاملات کو بنیاد بنا کر ایمرجنسی نافذ کرنے کی کوشش کرسکتی ہے، اس لیے ریاست سے تصادم کے بجائے مذاکرات کی راہ ہموار کی جائے۔

شوکت یوسفزئی کے مطابق افغانستان سے ممکنہ حملے کو بھی وفاقی حکومت ایمرجنسی کے جواز کے طور پر استعمال کرسکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت خیبرپختونخوا کے ساتھ تعاون نہ کرنے کا بیانیہ بنا رہی ہے اور صوبائی حکومت کے خاتمے کی کوشش بھی کی جا سکتی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے خدشہ ظاہر کیا کہ دہشتگردی کی حمایت کا الزام عائد کرکے پارٹی پر پابندی لگانے کی کوشش بھی ہوسکتی ہے۔

خط میں شوکت یوسفزئی نے یاد دلایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ماضی میں بھی کارکنوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے لانگ مارچ ختم کرچکے ہیں۔

انہوں نے پارٹی قیادت سے اپیل کی کہ موجودہ حالات کے تناظر میں ان کی تجاویز کو سنجیدگی سے لیا جائے اور لانگ مارچ ملتوی کرنے پر غور کیا جائے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں