اسلام آباد: وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات اختیار ولی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت گورنر راج کے نفاذ کے لیے درکار تمام عناصر فراہم کرچکی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اختیار ولی نے کہا کہ ایک وقت آئے گا جب صوبائی اسمبلی تحلیل ہوگی اور ملک کو وسط مدتی انتخابات کی جانب جانا پڑے گا، تاہم اس کے علاوہ بھی کئی آپشنز موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے لیے جن حالات یا عناصر کی ضرورت ہوتی ہے، صوبائی حکومت وہ سب مہیا کرچکی ہے۔
دوسری جانب پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے کہا کہ گورنر راج اس وقت نافذ کیا جاتا ہے جب صوبے میں آئینی مشینری کام کرنا بند کردے، تاہم خیبرپختونخوا میں آئینی نظام بدستور فعال ہے۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت سے مذاکرات چاہتی ہے اور حکومت کو دستیاب چار سے پانچ دن سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مذاکرات کی جانب پیش رفت کرنی چاہیے۔