بالی ووڈ اداکارہ اروشی روٹیلا کی ٹیم نے ان کے نام، تصاویر اور ویڈیوز کے مبینہ طور پر بلا اجازت استعمال پر لاس اینجلس میں قائم ایک مصنوعی ذہانت کی کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اداکارہ کی ٹیم کی جانب سے جاری بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ متعلقہ کمپنی نے اروشی روٹیلا کی اجازت کے بغیر ان کی شناخت اور دیگر مواد استعمال کیا۔
بیان کے مطابق اس معاملے میں قانونی چارہ جوئی کی جا رہی ہے جبکہ ممکنہ ہرجانے کی رقم کا تخمینہ فی الحال 7 ہزار کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔
اروشی روٹیلا کی ٹیم نے واضح کیا کہ اداکارہ کے نام، تصویر، شناخت یا شباہت کا کسی بھی تجارتی مقصد کے لیے استعمال باقاعدہ اجازت کے بغیر نہیں کیا جانا چاہیے۔
دوسری جانب بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے بھی حال ہی میں ’بگ باس 20‘ کی ایک قسط کے دوران مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال اور اس کے ممکنہ غلط استعمال پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
سلمان خان نے اے آئی سے تیار کردہ ویڈیوز اور آواز کی نقل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ مصنوعی ذہانت اس حد تک آگے بڑھ چکی ہے کہ یہ صورتحال خوفناک اور انتہائی سنجیدہ ہے۔