عمرہ کی آڑ میں آسٹریلیا جانے کی کوشش ناکام، 3 مسافر آف لوڈ

فہرستِ مضامین

کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن کراچی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرہ سفر کی آڑ میں غیر قانونی طریقے سے آسٹریلیا جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔

ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن کلیئرنس کے دوران سعودی عرب کے عمرہ ویزوں پر سفر کرنے والے تین پاکستانی مسافروں کے مشکوک رویے پر انہیں روک کر مزید تفتیش کی گئی۔

مسافروں کی شناخت ندیم اقبال اور شہزاد علی، ساکنان حافظ آباد، جبکہ سمر شہزاد، ساکن سرگودھا کے نام سے ہوئی۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق مسافروں کے سفری دستاویزات اور موبائل فونز کی جانچ کے دوران بحرین اور جمہوریہ پلاؤ کے وزٹ ویزے بھی برآمد ہوئے۔

تفتیش کے دوران مسافروں نے بتایا کہ ان کا منصوبہ سعودی عرب میں تقریباً 3 روز قیام کے بعد بحرین اور پھر جمہوریہ پلاؤ جانے کا تھا۔

مسافروں کے مطابق نعیم مرشد نامی ایجنٹ، ساکن ملتان، نے مبینہ طور پر فی مسافر 25 لاکھ روپے کے عوض ویزوں اور سفری انتظامات کا بندوبست کیا تھا۔

ایف آئی اے کے مطابق مسافروں نے مزید انکشاف کیا کہ ایجنٹ نے جمہوریہ پلاؤ میں تقریباً 3 ماہ قیام کے بعد مبینہ طور پر عارضی رہائشی اجازت نامہ (TRP) دلوانے کی یقین دہانی کرائی تھی، جس کے بعد انہیں غیر قانونی ہجرت کے ذریعے آسٹریلیا بھیجنے کی کوشش کی جانی تھی۔

حکام کے مطابق دستاویزی شواہد، موبائل فونز کی جانچ اور مسافروں کے بیانات کی روشنی میں غیر قانونی ہجرت کی کوشش بروقت ناکام بنا دی گئی۔

ایف آئی اے نے تینوں مسافروں کو آف لوڈ کرکے مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ اینڈ اسمگلنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں