کراچی: پاکستانی اداکارہ نازش جہانگیر نے اپنی سوتیلی والدہ کے ساتھ تعلق کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضروری نہیں تمام سوتیلی مائیں بری ہوں، میری سوتیلی والدہ بہت اچھی ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں نازش جہانگیر نے اپنی حقیقی زندگی کے تجربات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی والدہ کے انتقال کے بعد والد نے دوسری شادی کی، جس کے بعد ان کی سوتیلی والدہ خاندان کا حصہ بنیں۔
اداکارہ کے مطابق معاشرے میں سوتیلی ماں کے حوالے سے منفی تصورات اور مختلف کہانیاں عام ہیں، تاہم ہر خاندان کی صورتحال ایک جیسی نہیں ہوتی۔
نازش جہانگیر نے بتایا کہ ان کی سوتیلی والدہ پورے خاندان کا بہت اچھے طریقے سے خیال رکھتی ہیں اور ان کے والد کی بھی دیکھ بھال کرتی ہیں، اسی لیے وہ یہ نہیں سمجھتیں کہ سوتیلی مائیں بری ہوتی ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ابتدا میں انہیں اس رشتے کو قبول کرنے میں کچھ وقت لگا، تاہم ان کی سوتیلی والدہ نے اپنے اچھے رویے سے ان کا اعتماد حاصل کیا اور دل میں اپنی جگہ بنائی۔
نازش جہانگیر نے مزید بتایا کہ ایک ڈرامے میں سوتیلی ماں کا کردار ادا کرتے ہوئے انہیں اپنی حقیقی زندگی سے بھی مماثلت محسوس ہوئی۔
ان کے مطابق وہ کردار کی صورتحال کو سمجھنے کے بعد اپنی سوتیلی والدہ کو فون کرکے کہتی تھیں کہ اب انہیں احساس ہوتا ہے کہ ان کی سوتیلی والدہ نے کن حالات کا سامنا کیا ہوگا۔