آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2027 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کو ایک بار پھر ایک ہی گروپ میں رکھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ورلڈکپ کے گروپ مرحلے میں آمنے سامنے ہوں گی، جبکہ کمرشل پارٹنرز کی جانب سے بھی پاک بھارت مقابلے کو گروپ اسٹیج میں شامل رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق آئی سی سی ایونٹس میں پاک بھارت میچ کو براڈکاسٹرز اور کمرشل پارٹنرز کے لیے اہم مقابلہ سمجھا جاتا ہے۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2027 کے شیڈول کی رونمائی یکم اکتوبر کو کیپ ٹاؤن میں کیے جانے کا امکان ہے، تقریب پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے ہوگی۔
14 ٹیموں پر مشتمل ورلڈکپ 2 اکتوبر سے 21 نومبر 2027 تک جنوبی افریقا، نمیبیا اور زمبابوے میں کھیلا جائے گا۔
یکم اکتوبر سے میگا ایونٹ کے لیے ایک سالہ کاؤنٹ ڈاؤن بھی شروع ہوجائے گا۔