ایران میں امریکا مخالف ایک اجتماع سے خطاب کے دوران ایک مذہبی رہنما نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے تہران کے شہدا اسکوائر میں ہونے والی ریلیوں میں دو رات شرکت کی۔
اجتماع کے منتظمین کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای نے تقریباً 30 منٹ تک ریلی میں موجود رہ کر اجتماع کا مشاہدہ کیا۔
تاہم اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی اور نہ ہی منتظمین کی جانب سے مجتبیٰ خامنہ ای کی ریلی میں موجودگی کی کوئی تصویر یا ویڈیو جاری کی گئی ہے۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے فروری میں اپنے والد اور سابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد سپریم لیڈر کا منصب سنبھالا تھا۔ تاہم ان کی جانب سے اب تک عوامی سطح پر محدود موجودگی دیکھی گئی ہے۔ حالیہ رپورٹس کے مطابق وہ زیادہ تر تحریری پیغامات کے ذریعے اپنے مؤقف کا اظہار کرتے رہے ہیں۔
نئے سپریم لیڈر کی عوامی عدم موجودگی اس سے قبل بھی عالمی میڈیا میں زیرِ بحث رہی ہے۔
ایسے میں تہران کی ریلی میں مجتبیٰ خامنہ ای کی شرکت سے متعلق منتظمین کا دعویٰ سامنے آیا ہے، تاہم دعویٰ ثابت کرنے کے لیے فی الحال کوئی قابلِ تصدیق بصری ثبوت موجود نہیں۔