دہشتگردی پر تعاون نہ ہوا تو کے پی میں ایمرجنسی لگ سکتی ہے: بلاول

فہرستِ مضامین

کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخوا میں دہشتگردی اور امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر صوبائی حکومت نے وفاق کے ساتھ تعاون نہ کیا تو ایمرجنسی یا گورنر راج کا آپشن زیرِ غور آ سکتا ہے۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات مسلسل ہو رہے ہیں، جبکہ سیاسی سرگرمیاں جاری ہیں، اس لیے دہشتگردی کے معاملے کو سیاسی اختلافات سے الگ رکھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے پاس صوبے میں ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ کرنے کے آئینی راستے موجود ہیں، تاہم پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ ایسے اقدامات سے پہلے سیاسی حل تلاش کیا جائے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی اور وفاقی حکومت کو دہشتگردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کے لیے تحریری معاہدہ کرنا چاہیے اور سیاسی اختلافات کو قومی سلامتی کے معاملات سے الگ رکھنا چاہیے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے پی ٹی آئی سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ ختم کرنے اور حکومت کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے سیاسی بحران کا حل نکالنے کی بھی اپیل کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کا سیاسی اثر سامنے آچکا ہے اور اسلام آباد کئی روز سے سیاسی کشیدگی کا مرکز بنا ہوا ہے، اب سیاسی جماعتوں کو قومی مفاد میں مذاکرات کے ذریعے آگے بڑھنا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ دہشتگردی کسی ایک صوبے کا نہیں بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے، اس لیے وفاق اور صوبائی حکومتوں کو مل کر اس کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں