ایشین گیمز کرکٹ فائنل: بھارت نے پاکستان کو ہرا دیا

فہرستِ مضامین

ناگویا: ایشین گیمز 2026 کے مینز کرکٹ فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 19 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے، جواب میں پاکستان کی ٹیم 6 وکٹوں پر 192 رنز بناسکی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا اور ابتدائی وکٹیں جلد گر گئیں۔ صاحبزادہ فرحان 10، معاذ صداقت 23 اور عثمان خان 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم حسن نواز نے شاندار مزاحمت کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 96 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے، لیکن وہ میچ کی آخری گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

صائم ایوب نے 22 گیندوں پر 29 رنز بنا کر حسن نواز کا ساتھ دیا، جبکہ سعد مسعود 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کو آخری اوور میں 33 رنز درکار تھے، تاہم بھارت نے ہدف کا کامیابی سے دفاع کرلیا۔

اس سے قبل بھارتی کپتان شریاس ایئر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت کی جانب سے ابھیشیک شرما نے 28 گیندوں پر 61 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ تلک ورما نے صرف 22 گیندوں پر ناقابلِ شکست 51 رنز بنائے۔

بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 211 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس اور احمد دانیال نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد اور صائم ایوب کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

یوں بھارت نے پاکستان کو 19 رنز سے شکست دے کر ایشین گیمز کا کرکٹ گولڈ میڈل دوبارہ اپنے نام کرلیا، جبکہ پاکستان کو سلور میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں