کراچی: کسٹمز حکام نے کراچی ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے دبئی جانے والی خاتون مسافر کے سامان سے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی۔
کسٹمز حکام کے مطابق خاتون مسافر نجی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے دبئی روانہ ہورہی تھی اور کرنسی سے متعلق مبینہ طور پر غلط بیانی اور غلط ڈیکلیریشن کی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ سامان کی تلاشی کے دوران 33 ہزار 600 امریکی ڈالر، 300 یورو، 2 ہزار 570 برطانوی پاؤنڈ اور 19 ہزار 815 اماراتی درہم برآمد ہوئے۔
کسٹمز کے مطابق برآمد ہونے والی غیر ملکی کرنسی کی پاکستانی روپوں میں مجموعی مالیت تقریباً ایک کروڑ 18 لاکھ روپے بنتی ہے۔
حکام نے مبینہ غلط ڈیکلیریشن پر کرنسی کو کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت ضبط کرلیا، جبکہ خاتون مسافر کے خلاف مزید قانونی کارروائی کیلئے ایف آئی آر بھی درج کرلی گئی ہے۔