شمالی وزیرستان اور مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 18 ہلاکتیں

فہرستِ مضامین

اسلام آباد: سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 18 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن عزمِ استحکام کے تحت فتنہ الخوارج کے خلاف شمالی وزیرستان اور ملحقہ علاقوں میں کارروائی کی گئی، جس کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 13 خوارج ہلاک ہوئے، جبکہ دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بھی فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی کی گئی، جس میں 5 دہشتگرد مارے گئے۔

ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے بعد علاقوں میں دہشتگردوں کی موجودگی کے خاتمے اور ممکنہ سہولت کاروں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

صدر اور وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے بھی سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں ریاست کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں