انوپم کھیر مدد کرسکتے تھے مگر نہیں کی: راجو کھیر

فہرستِ مضامین

ممبئی: بھارتی اداکار راجو کھیر نے انکشاف کیا ہے کہ مالی مشکلات کے ایک دور میں ان کے بھائی اور معروف اداکار انوپم کھیر نے ان کی مالی مدد نہیں کی، حالانکہ وہ ان سے مدد کی توقع رکھتے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راجو کھیر نے حالیہ انٹرویو میں اپنی زندگی کے مشکل دور کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک وقت میں انہوں نے اپنا گھر فروخت کرکے دوسری جگہ فلیٹ خریدا تھا، کیونکہ ایک نئے ٹی وی چینل کے آغاز کی امید تھی۔

راجو کھیر کے مطابق نئے چینل کے لیے کئی افراد نے آزمائشی پروگرام تیار کیے تھے اور معاہدے بھی ہوچکے تھے۔ انہوں نے بھی ’لائف کے لیے کچھ بھی کرے گا‘ کے نام سے ایک پروگرام تیار کیا اور فلیٹ فروخت کرکے حاصل ہونے والی رقم اس منصوبے میں لگا دی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اس وقت سمجھتے تھے کہ ان کی زندگی مکمل طور پر مستحکم ہے، ان کے پاس چار بیڈ روم کا گھر اور خاندان کے لیے تمام سہولیات موجود تھیں، تاہم اچانک وہ نیا چینل ہی بند ہوگیا۔

اداکار کے بقول کسی کو معلوم نہیں تھا کہ چینل اچانک کیوں غائب ہوگیا، صرف اس کے دفتر کے دروازے پر تالا لگا ہوا تھا۔ اس صورتحال کے بعد انہیں کرایہ ادا کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ان کے پاس کوئی دوسرا سہارا نہیں تھا۔

راجو کھیر نے کہا کہ اس مشکل وقت میں وہ اپنے بھائی انوپم کھیر سے مدد کی توقع رکھتے تھے، لیکن اس وقت انوپم کھیر نے بھی کام کرنا کم کردیا تھا کیونکہ وہ غیر معیاری فلموں میں کام نہیں کرنا چاہتے تھے۔

اداکار نے کہا کہ انہیں اس وقت محسوس ہوا کہ ان کے بھائی ان کی مدد کرسکتے تھے، لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں