پاکستان اور امریکا  میں تجارتی معاہدہ  طے پا گیا، صدر ٹرمپ کا بھارت پر طنز

فہرستِ مضامین

پاکستان اور امریکا کے مابین تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا ہے، اس معاہدے کا مقصد دو طرفہ تجارت کا فروغ ، منڈی تک رسائی کو بڑھانا، سرمایہ کاری کی ترغیب دینا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق یہ پیش رفت، وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لوٹنک اور امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر سے ملاقات کے دوران ہوئی۔

اس معاہدے کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹرتھ سوشل پر اپنی پوسٹ کے ذریعے کیا تھا۔

وزارت خزانہ کے مطابق پاک امریکا معاہدے کے نتیجے میں باہمی ٹیرف خاص طور پر امریکا میں پاکستانی مصنوعات پر لگنے والے ٹیرف میں کمی آئے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان اہم اقتصادی شعبوں، خاص طور پر توانائی، معدنیات، آئی ٹی، کرپٹو کرنسی اور دیگر میں اقتصادی تعاون کے ایک نئے دور کے آغاز کا باعث بنے گا۔

پاکستانی بھارت کو تیل فروخت کر رہے ہوں گے، ڈونلڈ ٹرمپ

پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیا اور بھارت کو ایک بار پھر طنز کا نشانہ بھی بنایا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے  سوشل میڈیا کے اپنے پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر پوسٹ کرتے ہوئے بتایا کہ  ہم آج وائٹ ہاؤس میں تجارتی معاہدوں پر کام کرتے ہوئے بےحد مصروف ہیں، میں نے کئی ممالک کے رہنماؤں سے بات کی ہے جن میں سے ہر کوئی چاہتا ہے کہ امریکا انتہائی خوش ہو۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے ابھی پاکستان کے ساتھ ایک معاہدہ طے کیا ہے، جس کے تحت پاکستان اور امریکا مل کر پاکستان میں تیل کے وسیع ذخائر کو ترقی دیں گے، ہم اس وقت اُس آئل کمپنی کا انتخاب کرنے کے عمل میں ہیں جو اس شراکت داری کی قیادت کرے گی۔

صدر ٹرمپ  نے اس موقع پر بھارت کو طنز کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ‘کون جانتا ہے، شاید وہ (پاکستانی) ایک دن بھارت کو تیل فروخت کر رہے ہوں۔’

انہوں نے مزید کہا کہ  دیگر ممالک بھی ٹیرف میں کمی کے لیے پیشکشیں دے رہے ہیں، یہ تمام اقدامات ہمارے تجارتی خسارے کو بڑی حد تک کم کرنے میں مدد دیں گے۔

پاک امریکا تجارتی معاہدے سے کیا ہوگا؟

پاکستانی وزارت خزانہ کے مطابق یہ معاہدہ امریکا کے ساتھ پاکستان کے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے، خصوصاً ان تعلقات کو امریکی ریاستوں تک بڑھانے کے حوالے سے جاری کوششوں میں معاون ثابت ہوگا۔

وزارت خزانہ کے مطابق اس معاہدے کے تحت دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کی منڈیوں تک بہتر رسائی میسر آئے گی اور پاکستان کے بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی منصوبوں میں امریکی سرمایہ کاری میں اضافہ متوقع ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ تجارتی معاہدہ دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور تجارت اور سرمایہ کاری روابط کو مضبوط بنانے کے لیے تمام کوششوں کو برؤے کار لانے کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔

اس سے پہلے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں اس معاہدے کا خیر مقدم کیا تھا۔ اسحاق ڈار نے کہاتھا کہ امریکا سے تجارتی ڈیل طے پاگئی ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں