لنڈن (اسپورٹس نیوز) انگلینڈ میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) میں بھارت نے پاکستان کے خلاف رائونڈ میچ کے بعد سیمی فائنل کھیلنے سے بھی انکار کردیا، شاہینوں کو واک اوور ملنے کے بعد فائنل میں رسائی مل گئی۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ انڈین لیجنڈز کی ٹیم نے پاکستان کے خلاف لیجنڈز لیگ کے سیمی فائنل مقابلے سے بھی دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے، بھارتی ٹیم کی دستبرداری پر پاکستان چیمپئنز کو واک اوور مل گیا، جس سے پاکستانی ٹیم نے فائنل میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔
پاکستان چیمپئنز کے کوچ ارشد خان نے بھی اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے، انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے فائنل میں پہنچ گئی ہے، ٹیم سے فائنل میں بھی اچھی کارکردگی کی امید ہے۔
سیمی فائنل سے بھارتی ٹیم کی دستبرداری کی انتظامیہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈبلیو سی ایل میں ہمارا ہمیشہ سے یقین رہا ہے کہ کھیلوں میں دنیا کو متاثر کرنے اور مثبت تبدیلی لانے کی طاقت ہوتی ہے۔ تاہم، عوامی رائے کا احترام ہمیشہ لازم ہے،آخرکار ہم جو کچھ بھی کرتے ہیں، وہ اپنے ناظرین کے لیے کرتے ہیں۔
انتظامیہ نے مزید کہا کہ ہم انڈیا چیمپئنز کے سیمی فائنل سے دستبرداری کے فیصلے اور ساتھ ہی پاکستان چیمپئنز کی تیاری اور مقابلے کے لیے آمادگی کا برابر احترام کرتے ہیں۔
بھارت کی ہٹ دھرمی، کھلاڑیوں کے بعد اسپانسر بھی پیچھے ہٹ گیا

لیجنڈ لیگز کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ تمام عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے، انڈیا چیمپئنز اور پاکستان چیمپئنز کے درمیان میچ منسوخ کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان چیمپئنز کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی ہے۔
قبل ازیں ٹورنامنٹ کے بھارتی اسپانسر نشہانت پیٹی نے بھی پاک-بھارت سیمی فائنل مقابلے سے دستبرداری کا فیصلہ کیا تھا۔
اسپانسر کمپنی کے سربراہ نشہانت پیٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ ہم ٹیم بھارت کو ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں شاندار کارکردگی پر داد دیتے ہیں، آپ نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے خلاف شیڈول سیمی فائنل صرف ایک اور میچ نہیں ہے، بطور اسپانسر کمپنی ہم بھارت اور پاکستان کے درمیان ڈبلیو سی ایل میچ سے دستبردار ہو رہے ہیں، کچھ چیزیں کھیل سے بڑھ کر ہوتی ہیں، پہلے قوم، بعد میں کاروبار۔
یاد رہے کہ 20 جولائی کو بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان لیجنڈز لیگ کا میچ شیڈول تھا، تاہم بھارتی کھلاڑیوں کی ہٹ دھرمی کے باعث ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) کا طے شدہ ٹی20 میچ منسوخ کر دیا گیا تھا۔
منتظمین کے مطابق سابق بھارتی اوپنر بلے باز شیکھر دھون سمیت بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جغرافیائی سیاسی کشیدگی کو جواز بناتے ہوئے میچ کھیلنے سے انکار کیا تھا۔