سابق پاکستانی کپتان دلجیت دوسانجھ کی گلوکاری اور فن کے معترف، وسیم اکرم کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھارتی پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ کو اپنا پسندیدہ گلوکار قرار دیتے ہوئے ان کی صلاحیتوں کی تعریف کی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں خاتون صحافی نے وسیم اکرم سے ان کے پسندیدہ گلوکار کے بارے میں سوال کیا، جس پر سابق کپتان نے دلجیت دوسانجھ کا نام لیا۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ان دنوں ان کے پسندیدہ پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ ہیں، جو ایک بڑے فنکار ہیں۔ انہوں نے گلوکار کی موسیقی اور گلوکاری کو سراہتے ہوئے انہیں ایک بہترین اسٹار بھی قرار دیا۔
وسیم اکرم کی جانب سے دلجیت دوسانجھ کی تعریف کیے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہی ہے، جہاں کرکٹ اور موسیقی کے مداح اس پر اپنے تبصرے کر رہے ہیں۔
دلجیت دوسانجھ بھارتی پنجابی موسیقی اور فلمی دنیا کا معروف نام ہیں، جبکہ وسیم اکرم کا شمار پاکستان کے نمایاں سابق کرکٹرز میں ہوتا ہے۔ دونوں شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے مداح اس ویڈیو میں خاص دلچسپی لے رہے ہیں۔