فرحان کا طوفان، پاکستان نے میدان مار لیا

فہرستِ مضامین

راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے کپتان صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت کی شاندار بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ قومی ٹیم نے 183 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی کپتان صاحبزادہ فرحان نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 89 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ معاذ صداقت نے بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 50 رنز بنائے، جبکہ فخر زمان 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا اور مہیش تھیکشانا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔ لاہیرو اُدارا نے پاکستانی بولرز کے خلاف مزاحمت کرتے ہوئے 91 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ کمندو مینڈس نے 23 جبکہ داسن شناکا نے 18 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد عمران نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ صائم ایوب، رضا اللہ اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ اس میچ میں محمد عمران اور رضا اللہ نے پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کپتان صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، معاذ صداقت، حسن نواز، صائم ایوب، شاداب خان، خواجہ نافع، نسیم شاہ، محمد عمران، رضا اللہ اور ابرار احمد شامل تھے۔

سری لنکا کی ٹیم کپتان کوشل مینڈس، لاہیرو اُدارا، کامل مشارا، کامندو مینڈس، سہان آراچیگے، داسن شناکا، دونتھ ویلالگے، مہیش تھیکشانا، دشمنتھا چمیرا، ایشان ملنگا اور نووان تھشارا پر مشتمل تھی۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں