پشاور: خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے کے لیے پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی استعداد کار بڑھانے، جدید اسلحہ اور ضروری وسائل فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، کور کمانڈر پشاور اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا، جبکہ دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق صوبے میں امن و امان کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ پولیس اور سی ٹی ڈی کو جدید آلات، اسلحہ اور دیگر ضروری وسائل فراہم کرکے ان کی عملی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے گا۔
اپیکس کمیٹی نے پولیس کو بکتر بند گاڑیاں، دیگر ضروری گاڑیاں اور مطلوبہ نفری فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ دہشت گردی کا خاتمہ اور پائیدار امن کا قیام تمام ریاستی اداروں کی مشترکہ ترجیح ہے۔
اجلاس میں سکیورٹی اقدامات کے ساتھ خیبرپختونخوا کے عوام کو درپیش بنیادی مسائل پر توجہ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق تعلیم، صحت اور معیارِ زندگی میں بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ پسماندہ اور دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔