ریاض کے لیے پروازیں معطل، پاکستان سے درجنوں فلائٹس منسوخ

فہرستِ مضامین

ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملوں کے بعد سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر متعدد خلیجی اور بین الاقوامی ایئرلائنز نے ریاض کے لیے اپنی پروازیں جزوی یا مکمل طور پر معطل کردی ہیں، جبکہ پاکستان سے بھی ریاض جانے والی درجنوں پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

رپورٹس کے مطابق اتوار کو اسلام آباد سے ریاض جانے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 753 کو ریاض کے بجائے دمام ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔ اسی دوران پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس سے ریاض جانے والی 28 پروازیں منسوخ کی گئیں۔

پروازوں کی معطلی کا دائرہ متعدد بڑی بین الاقوامی ایئرلائنز تک پھیل گیا ہے۔ لفتھانزا گروپ نے 16 اکتوبر، سری لنکن ایئرلائنز نے 18 اکتوبر اور اکاسا ایئر نے 13 اکتوبر تک ریاض کے لیے پروازیں معطل رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اسی طرح ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس نے بھی 15 اکتوبر تک ریاض کی پروازیں روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ریاض کے لیے پروازیں منسوخ یا معطل کرنے والی دیگر ایئرلائنز میں اتحاد ایئرویز، فلائی دبئی، امارات ایئرلائنز، ایئر عربیہ، کویت ایئرویز، ترکیش ایئرلائنز، انڈیگو اور پی آئی اے سمیت دیگر فضائی کمپنیاں شامل ہیں۔

ریاض ایئرپورٹ کی بندش میں مزید 24 گھنٹے کی توسیع

دوسری جانب سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بندش میں مزید 24 گھنٹے کی توسیع کردی ہے۔

نئے نوٹم کے مطابق ریاض ایئرپورٹ آج رات 12 بجے تک بند رہے گا۔ حکام کے مطابق ایئرپورٹ کے ریڈار اور مواصلاتی نظام کا جائزہ لینے کے لیے بندش میں توسیع کی گئی ہے، تاکہ فضائی آپریشن کی بحالی سے قبل ضروری تکنیکی امور کا جائزہ لیا جاسکے۔

ادھر دمام ایئرپورٹ کا فلائٹ آپریشن چھ گھنٹے کی بندش کے بعد بحال کردیا گیا ہے، تاہم سعودی عرب میں مجموعی فضائی آپریشن اب بھی غیر یقینی صورت حال سے دوچار ہے۔

پاکستان سے ریاض کی مزید 32 پروازیں منسوخ

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس سے ریاض جانے والی مزید 32 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ اس صورت حال کے باعث پاکستان سے سعودی عرب جانے اور وہاں سے واپس آنے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ریاض ایئرپورٹ کی بندش کے اثرات جدہ، مدینہ منورہ اور دمام کے ایئرپورٹس کے فضائی آپریشن پر بھی پڑے ہیں۔ پروازوں کے نظام الاوقات میں تبدیلی، منسوخی اور تاخیر کے باعث سیکڑوں پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔

فضائی آپریشن میں پیدا ہونے والی اس صورت حال کے باعث مسافروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے اپنی متعلقہ ایئرلائن سے پرواز کی تازہ صورت حال معلوم کرلیں، کیونکہ پروازوں کے شیڈول میں مزید تبدیلیاں بھی ہوسکتی ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں