چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے خیبرپختونخوا میں حکومتی اقدامات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں جمہوریت پر شب خون مارا گیا ہے اور وہ حکومت کے تمام نوٹیفکیشنز کو مسترد کرتے ہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ آپ نے ایک حکومت کو گھر بھیج دیا، ہم آپ کے تمام نوٹیفکیشنز کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جمہوریت پر شب خون مارا گیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جن علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے، وہاں دہشت گردی کے پیچھے کسی اور کے چھپے ہونے کا معاملہ بھی سامنے آتا ہے۔ ان کے بقول، پورے پاکستان کو غیرفعال کردیا گیا ہے اور اب دہشت گردی کو جواز بنایا جا رہا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ پاکستان کے کسی بھی حصے میں دہشت گردی نہیں ہونی چاہیے اور دہشت گردوں کو کہیں بھی پناہ نہیں ملنی چاہیے۔ انہوں نے بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور بھارت کے تعلق کے حوالے سے بھی بیان دیتے ہوئے کہا کہ بی ایل اے کے پیچھے بھارت ہے اور بھارت کے پیچھے بی ایل اے ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے یہ بیانات قومی اسمبلی میں خیبرپختونخوا کی صورتِ حال اور حکومتی اقدامات پر اظہارِ خیال کے دوران سامنے آئے۔