جرمنی کے شہر فرینکفرٹ سے نئی دہلی جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز میں ہائی جیکنگ کا الرٹ موصول ہونے کے بعد طیارے کا رخ جے پور کی جانب موڑ دیا گیا، جہاں بوئنگ 787 ڈریم لائنر نے بحفاظت ہنگامی لینڈنگ کی۔ بعد ازاں سکیورٹی جانچ کے دوران حکام نے ابتدائی الرٹ کو پائلٹ کی جانب سے غلطی سے بٹن دب جانے کا نتیجہ قرار دیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پرواز اے آئی 2030 بھارتی فضائی حدود میں ریاست راجستھان کے اوپر محوِ پرواز تھی اور نئی دہلی میں لینڈنگ کے لیے آگے بڑھ رہی تھی کہ ہائی جیکنگ سے متعلق بین الاقوامی ایمرجنسی کوڈ 7500 موصول ہوا۔ یہ کوڈ طیارے میں غیر قانونی مداخلت یا ہائی جیکنگ کی صورتِ حال ظاہر کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق 14 اکتوبر کی صبح تقریباً 9 بجے احمد آباد ایئر ٹریفک کنٹرول کو طیارے سے یہ کوڈ موصول ہوا، جس کے بعد سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔ احتیاطی اقدامات کے تحت دہلی ایئرپورٹ کے وار روم نے پرواز کا رخ جے پور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی طرف موڑنے کا فیصلہ کیا۔
طیارے نے صبح 9 بج کر 35 منٹ پر جے پور ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی۔ لینڈنگ کے بعد اسے مخصوص آئسولیشن بے میں منتقل کردیا گیا، جہاں سکیورٹی اہلکاروں نے طے شدہ طریقۂ کار کے مطابق کارروائی شروع کی۔
سینٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس، مقامی پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے طیارے اور مسافروں کے سامان کی تلاشی لی۔ اس دوران تمام مسافروں اور عملے کو بحفاظت طیارے سے اتار لیا گیا۔ فلائٹ ڈیٹا کے مطابق طیارے میں تقریباً 250 مسافر سوار تھے۔
ابتدائی اطلاعات میں ہائی جیکنگ الرٹ کے ساتھ بم کی دھمکی سے متعلق افواہیں بھی گردش کرتی رہیں، تاہم حکام کے مطابق سکیورٹی الرٹ مبینہ طور پر پائلٹ کی جانب سے نادانستہ طور پر ایک بٹن دب جانے کے باعث پیدا ہوا۔ اس واقعے نے فضائی سلامتی کے نظام کو متحرک کردیا اور احتیاطی تدابیر کے تحت پرواز کو متبادل ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔
واقعے کے بعد طیارے کی تلاشی اور سکیورٹی جانچ مکمل کی گئی، جس کے نتیجے میں پرواز کو محفوظ قرار دیے جانے کی اطلاع سامنے آئی۔