پشاور: خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے سے خاتون ٹیچر سمیت 35 افراد ہلاک جبکہ 30 سے زائد بچے زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق ملبے تلے مزید بچوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جس کے باعث امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ دیر کالونی میں واقع ایک نجی اسکول میں پیش آیا، جہاں چھت گرنے سے متعدد بچے ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کرنے کا عمل شروع کردیا گیا۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق اب تک 27 بچوں اور ایک خاتون ٹیچر کی لاشیں اسپتال لائی جاچکی ہیں، جبکہ 30 سے زائد زخمی بچوں کو بھی طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا ہے۔ زخمی بچوں کی عمریں 11 سے 13 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔
حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ عمارت کے ملبے تلے مزید بچے دبے ہوسکتے ہیں۔ اسکول کی عمارت دو منزلہ بتائی جارہی ہے، تاہم امدادی ٹیمیں ملبے کی تلاش میں سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
تنگ گلیوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات
حادثے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید نے بتایا کہ اسکول کی عمارت انتہائی تنگ گلیوں میں تعمیر کی گئی تھی، جس کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
ان کے مطابق اسکول میں مجموعی طور پر تقریباً 110 بچے زیرِ تعلیم تھے۔ واقعے کے وقت مختلف کلاسوں میں بچے موجود تھے، جبکہ چھت گرنے کے نتیجے میں متعدد طلبہ ملبے تلے دب گئے۔
سی سی پی او نے بتایا کہ اسکول کے مالک کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی اور مالکان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس بات کا بھی جائزہ لیا جائے گا کہ انتہائی تنگ گلی میں اسکول کی عمارت کیسے تعمیر کی گئی اور آیا اس کی تعمیر کے لیے متعلقہ حکام سے اجازت نامہ یا این او سی حاصل کیا گیا تھا یا نہیں۔
فیصل کریم کنڈی اور مریم نواز کا اظہارِ افسوس
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسکول کی چھت گرنے کے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کی جائیں۔ گورنر نے حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی افسوسناک حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق بچوں کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔ انہوں نے زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوگوار والدین کے دکھ کو سمجھ سکتی ہیں۔