اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اس اکاؤنٹ کی ملکیت کا دعویٰ نہیں کرتی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی، جس کے دوران بیرسٹر گوہر علی خان عدالت میں پیش ہوئے۔ بانی پی ٹی آئی کے وکلا خالد یوسف چوہدری اور شمسہ کیانی سمیت نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے حکام بھی عدالت میں موجود تھے۔
سماعت کے دوران جسٹس ارباب محمد طاہر نے بیرسٹر گوہر سے کہا کہ انہیں ذاتی حیثیت میں طلب نہیں کیا گیا تھا بلکہ وہ تحریری جواب بھی جمع کرا سکتے تھے۔
اس موقع پر بیرسٹر گوہر نے عمران خان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف اس اکاؤنٹ کو اپنا تسلیم نہیں کرتی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے عدالت سے استدعا کی کہ موجودہ حالات تبدیل ہوچکے ہیں، اس لیے جواب جمع کرانے کے لیے مزید وقت دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عدالت مناسب مہلت دے تو وہ اس معاملے پر تفصیلی جواب جمع کرا دیں گے۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے بیرسٹر گوہر کی استدعا منظور کرتے ہوئے ہدایت کی کہ جو مؤقف پیش کرنا ہے، اسے تحریری طور پر عدالت میں جمع کرایا جائے۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت 23 نومبر تک ملتوی کردی۔