اسلام آباد: فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے CSS 2026 کے تحریری امتحان کا نتیجہ جاری کردیا، جس میں صرف 476 امیدوار کامیاب ہوسکے جبکہ کامیابی کا تناسب 2.74 فیصد رہا۔
ایف پی ایس سی کے مطابق CSS 2026 کا تحریری امتحان 4 سے 15 فروری 2026 تک منعقد کیا گیا تھا۔ تحریری امتحان کے لیے مجموعی طور پر 24 ہزار 321 امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں، جبکہ 17 ہزار 351 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے۔
نتائج کے مطابق 476 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب قرار پائے، جن میں 239 مرد اور 237 خواتین شامل ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق 16 ہزار 342 امیدواروں نے تمام پرچوں میں شرکت کی، جبکہ مجموعی طور پر کامیابی کا تناسب صرف 2.74 فیصد رہا۔
دوسری جانب CSS 2026 کے لیے منعقد کیے گئے ایم سی کیوز بیسڈ پریلیمنری ٹیسٹ (MPT) میں 63 ہزار 368 درخواستیں موصول ہوئیں۔ اس ٹیسٹ میں 43 ہزار 189 امیدوار شریک ہوئے، جن میں سے 36 ہزار 758 امیدوار کامیاب قرار پائے۔
ایف پی ایس سی نے کامیاب امیدواروں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیکل امتحان، نفسیاتی جائزے اور وائوا ووس کے شیڈول سے امیدواروں کو بعد میں آگاہ کردیا جائے گا۔
کمیشن نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ مراحل اور شیڈول سے متعلق معلومات کے لیے ایف پی ایس سی کی ویب سائٹ باقاعدگی سے چیک کرتے رہیں۔
تفصیلات کے مطابق تحریری امتحان کے لیے درخواست دینے والوں میں 13 ہزار 206 مرد اور 11 ہزار 25 خواتین شامل تھیں، جبکہ کامیاب امیدواروں میں مرد اور خواتین کی تعداد تقریباً برابر رہی۔