KTA1732 حادثہ: متاثرہ خاندانوں کی ڈیپ سی سرچ جاری رکھنے کی اپیل

فہرستِ مضامین

کراچی: K2 ایئرویز کی پرواز KTA1732 کے 7 جولائی 2026 کے حادثے میں متاثرہ عملے کے اہلخانہ نے حکومت اور متعلقہ حکام سے شفاف اور آزادانہ تحقیقات سمیت فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد انہیں اب تک کئی اہم معاملات کے بارے میں واضح اور مکمل معلومات فراہم نہیں کی گئیں، جبکہ K2 ایئرویز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طارق مجید راجا سے بامعنی رابطہ نہ ہونے پر بھی خاندانوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

خاندانوں نے مطالبہ کیا ہے کہ طیارے کی ڈیپ سی سرچ کا عمل جاری رکھا جائے اور فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر (FDR)، کاک پٹ وائس ریکارڈر (CVR) سمیت دیگر اہم شواہد کو ترجیحی بنیادوں پر حاصل کرکے محفوظ کیا جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کے دوران طیارے کے نیویگیشن سسٹمز، مکمل نیویگیشن ہسٹری، تکنیکی اور مینٹیننس ریکارڈ، ماضی میں سامنے آنے والے نیویگیشن سے متعلق مسائل اور فلائٹ آپریشنز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے۔

متاثرہ خاندانوں نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ خاندانوں سے رابطے اور سرکاری معاملات کی نگرانی کے لیے سینئر سطح کا سرکاری نمائندہ مقرر کیا جائے۔ اس کے ساتھ طیارے اور عملے کے انشورنس انتظامات کی آزادانہ تصدیق کرانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

خاندانوں نے واضح کیا ہے کہ ان کے مطالبات کا مقصد کسی فرد یا ادارے کو پیشگی طور پر ذمہ دار قرار دینا نہیں بلکہ حادثے سے متعلق تمام حقائق کو مکمل، آزادانہ اور شواہد پر مبنی تحقیقات کے ذریعے سامنے لانا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ صرف پانچ متاثرہ خاندانوں تک محدود نہیں بلکہ پاکستان میں فضائی سفر کی حفاظت، عوامی اعتماد اور مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام سے بھی براہِ راست متعلق ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں