امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کے درمیان سوشل میڈیا پر لفظی جنگ مزید شدت اختیار کرگئی ہے، دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو سخت جواب دیا۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا کہ ایران مکمل تباہی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے ایک بیان بھی شیئر کیا جسے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف سے منسوب کیا گیا۔
ٹرمپ کی جانب سے شیئر کیے گئے مبینہ بیان میں کہا گیا تھا کہ ایران کو خوراک کی کمی کا سامنا ہے اور موجودہ حالات میں ملک کے لیے مقابلہ کرنا مشکل ہورہا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ فوجی طاقت کتنی ہی بڑھ جائے، اگر عوام بھوکے ہوں تو جنگ جاری رکھنا ممکن نہیں۔
قالیباف کا ٹرمپ کو طنزیہ جواب
ٹرمپ کے بیان پر ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے طنزیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے امریکی صدر کے انتخابی نعرے “Make America Great Again” میں تبدیلی کرکے لکھا:
“Make America Hungry Again”
قالیباف نے دعویٰ کیا کہ امریکہ میں 4 کروڑ 70 لاکھ افراد خوراک کی کمی کا شکار ہیں۔
ایرانی اسپیکر کا کہنا تھا کہ یہ اعداد و شمار ٹرمپ کے دعووں کی طرح فرضی نہیں بلکہ حقائق پر مبنی ہیں۔ ان کے مطابق امریکہ میں تقریباً ہر آٹھ میں سے ایک شہری خوراک کی کمی کا سامنا کررہا ہے۔
یوں ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران دونوں ممالک کے اہم رہنماؤں کے درمیان سوشل میڈیا پر بیانات کی جنگ بھی مزید شدت اختیار کرگئی ہے۔
ادھر ایران کی پارلیمنٹ نے ٹرمپ پر قالیباف کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے اور فوجی شکست چھپانے کا الزام لگا دیا۔
میڈیا سینٹر سے جاری بیان میں ایرانی پارلیمنٹ نے کہا کہ امریکا کا جھوٹا صدر، جس کے جھوٹے بیانات کی تعداد کا اندازہ 32 ہزار لگایا جا چکا ہے، وہ ایک بار پھر اپنی فوجی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے اور امریکی عوام اور عالمی رائے عامہ کی نظر میں اپنی ساکھ بحال کرنے کے لیے جھوٹی خبریں گھڑنے اور گندے میڈیا کھیل کھیلنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے مطابق باقر قالیباف نے دورہ عراق میں اپنے خطاب کے دوران ایران اور عراق کے درمیان اقتصادی تعاون، امریکی پابندیوں کا مقابلہ کرنے اور اقتصادی جنگ جیتنے پر زور دیا تھا اور کہا تھا کہ ایران نے فوجی جنگ میں امریکا کو شکست دی، تاہم اب امریکا نے ذہنی اور اقتصادی جنگ کا راستہ اختیار کیا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ ٹرمپ نے قالیباف کے ریمارکس کو غلط انداز میں پیش کرکے اسے ایران کی فوجی شکست کے اعتراف کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی۔
ایرانی پارلیمنٹ کے مطابق ڈاکٹر قالیباف کے اجلاس کی مکمل ویڈیو عوام کے لیے دستیاب ہے۔ ان کی تقریر کے اصل متن اور جعلی خبروں کی جھوٹی سرخیوں کے درمیان واضح فرق امریکی صدر کی گمراہ کن اطلاعات کی مہم کے لیے ایک اور رسوائی ہے۔