زوب میں مزید 3 دہشتگرد ہلاک،  چار روزہ آپریشن میں 50 دہشتگرد ہلاک ہوئے

فہرستِ مضامین

بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران فتنتہ الہندوستان کے مزید 3 دہشتگرد مارے گئے ہیں، جس کے بعد4 روز کے دوران  مارے گئے دہشتگردوں کی تعداد 50 ہوگئی ہے۔

آئی ایس پی آرکے مطابق بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازا میں 7 سے 9 اگست تک جاری سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 47 خوارج مارے گئے تھے۔

سیکیورٹی فورسز نے 10 اور 11 اگست کی درمیانی شب بھی پاک افغان سرحدی علاقہ سمبازا میں آپریشن کیا، جس میں فتنتہ الہندوستان کے مزید 3 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 4 روز میں مجموعی طور پر 50 دہشتگرد مارے گئے، دہشتگردوں سے اسلحہ، بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملک کے دفاع کو محفوظ بنانے کے لیے پرعزم ہیں، سیکیورٹی فورسز پاکستان میں امن، استحکام اور ترقی کو خراب کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیں گی۔

محسن نقوی کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے ضلع ژوب  میں  فتنتہ الہندوستان کے مزید 3 دہشتگردوں کے مارے جانے پر پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں  کو سراہا۔

اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ فتنتہ الہندوستان کے  دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو قوم تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔  سکیورٹی فورسز نے  بلوچستان میں فتنہ پھیلانے میں ملوث  بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا ۔

محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے  بلوچستان میں امن کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش کو ناکام بنایا۔ فتنتہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سیکورٹی فورسز کو سلیوٹ کرتے ہیں۔

وزی داخلہ نے کہا کہ بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے  مکمل خاتمے کے لیے پوری قوم سیکورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے ۔

وزیراعلیٰ سندھ کا بھی سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی ضلع ژوب میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے، انہوں نے کہاکہ سیکیورٹی فورسز نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا، بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے خاتمے پر فورسز کی قربانیوں کوسلام پیش کرتاہوں۔

وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا گیا کہ 7 اگست سے جاری آپریشنز میں اب تک 50 خوارج ہلاک ہوئے۔

 وزیراعلیٰ سندھ نے دراندازی کی کوشش ناکام بناکر امن قائم رکھنے پر سیکیورٹی اداروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کے تحفظ پر فورسز کی بہادری قابلِ فخر ہے۔

یاد رہے کہ 7 اور 8 اگست کی درمیانی شب بھارت کے حمایت یافتہ دہشتگردوں نے پاک افغان بارڈر سے بلوچستان کے ضلع زوب کے علاقے سمبازہ میں در اندازی کی کوشش کی تھی، جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے ان کے خلاف آپریشن شروع کیا۔

چار روز تک جاری رہنے والے آپریشن کے دوران فتنتہ الہندوستان کے اب تک 50 خوارجی دہشتگرد مارے جا چکے ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں