پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں پچھلے 48 گھنٹوں میں بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث حادثات میں اب تک 307 افراد اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔
قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے پی ڈی ایم نے تازہ رپورٹ جاری کی جس میں بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں 279 مرد، 15 خواتین اور 13 بچے شامل جبکہ زخمیوں میں 17 مرد، 4 خواتین اور دو بچہ شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث 74 گھروں کو نقصان پہنچا، جس میں 63 گھروں کو جزوی اور 11 گھر مکمل طور پر منہدم ہوئے ہیں، ابھی نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ یہ حادثات مختلف اضلاع سوات، بونیر ، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام میں پیش آئے ہیں، جہاں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ صوبے بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 307 ہوگئی ہے، بونیر میں 184، شانگلہ میں 36، مانسہرہ میں 23، سوات میں 22، باجوڑ میں 21، بٹگرام میں 15 اور دیر میں 5 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔

پی ڈی ایم نے بتایا کہ یہ حادثات سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام کے اضلاع میں پیش آئے، جہاں جانی و مالی نقصان ہوا۔
پی ڈی ایم اے نے پیشگوئی کی ہے کہ شدید بارشوں کا یہ سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے رہ سکتا ہے۔
فوج سیلاب متاثرین کی مدد کے ساتھ مالی مدد کریگی
پاکستانی میڈیا سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے آرمی چیف (فیلڈ مارشل) عاصم منیر کے ایک بیان کو منسلک کرتے ہوئے رپورٹ کر رہا ہے کہ انہوں نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں موجود فوج سیلاب متاثرین کی بحالی میں بھرپور مدد کرے گی، تاہم آئی ایس پی آر نے فیلڈ مارشل کے اس بیان کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔
ایکسپریس نیوز نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ آرمی چیف نے کہا ہے کہ پاک فوج نے ایک دن کی تنخواہ خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے وقف کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے ہیلی کاپٹر اور آرمی ایوی ایشن کو پہلے سے ہی خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ عوام کی بحالی کے لیے تعینات کر دیا گیا ہے۔
متاثرہ اضلاع کے لیے فنڈز جاری کردیئے گئے
خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان نے ایکس پر بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر بارشوں اور سیلاب كے باعث متاثرہ اضلاع كے لیے امدادی فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایت پر تمام متعلقہ اداروں كو امدادی سرگرمیاں تیز كرنے كی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کے چیئرمین سے رابطہ کرکے انہیں ہدایات دیں ہیں کہ متاثرہ علائقوں میں متاثر شہریوں کی بھرپور مدد کی جائے، صوبائی اداروں کے ساتھ ملکر بحالی پروگرام پر کام کیا جائے۔
پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاریخیبرپختونخوا صوبے کے بونیر، سوات اور باجوڑ اضلاع میں پاک فوج اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کا فلڈ ریلیف آپریشن جاری ہے، پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز میں راشن اور دیگر سامان متاثرین کو فراہم کیا جارہا ہے۔
سیلاب زدہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
پاک فوج کے مزید دستے بھی ریلیف آپریشن میں حصہ لینے کے لیے روانہ کیے جاچکے ہیں، تمام متاثرہ افراد کو بحفاظت ریسکیو کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔