پاکستان، سعودی اور ترکی کا “مکہ مکرمہ مشترکہ دفاعی معاہدہ” کیا ہے؟

فہرستِ مضامین

اسلام آباد: پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کی تفصیلات سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں، جن کے مطابق تینوں ممالک نے دفاعی تعاون، اجتماعی سلامتی اور علاقائی استحکام کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق معاہدے کی سب سے اہم شق یہ ہے کہ اگر تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر مسلح حملہ ہوتا ہے تو اسے تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا، اور باقی دو ممالک اس کے دفاع اور معاونت کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے۔

معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکی باقاعدگی سے مشترکہ فوجی مشقیں منعقد کریں گے تاکہ تینوں افواج کے درمیان ہم آہنگی، تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔

دستاویز کے مطابق دہشت گردی، سرحدی خطرات اور دیگر سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تینوں ممالک کے درمیان خفیہ معلومات (انٹیلی جنس) کا تبادلہ بھی بڑھایا جائے گا، جبکہ دفاعی ٹیکنالوجی، اسلحہ سازی اور عسکری صنعت میں مشترکہ تعاون کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ معاہدہ اجتماعی سلامتی کے تصور کو مضبوط بنانے پر مبنی ہے، جس کے تحت تینوں ممالک دفاعی منصوبہ بندی اور سکیورٹی حکمت عملی میں ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کریں گے۔

تینوں ممالک نے اس معاہدے کو دفاعی نوعیت کا قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس کا مقصد کسی مخصوص ملک کو نشانہ بنانا نہیں، بلکہ خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ سلامتی کو فروغ دینا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مستقبل میں دیگر علاقائی ممالک کی شمولیت کا امکان بھی موجود ہے، تاہم اس کے لیے تمام رکن ممالک کی باہمی رضامندی ضروری ہوگی۔

دفاعی ماہرین کے مطابق یہ معاہدہ ایک “اجتماعی دفاعی اتحاد” کی حیثیت رکھتا ہے، جس کا بنیادی اصول “ایک پر حملہ، سب پر حملہ” ہے، جبکہ فوجی تعاون، مشترکہ مشقیں، انٹیلی جنس شیئرنگ اور دفاعی ٹیکنالوجی میں اشتراک بھی اس کے نمایاں نکات میں شامل ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں