سعودی اتحاد کا حوثیوں کو انتباہ، حملوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا

فہرستِ مضامین

بین الاقوامی: سعودی قیادت میں قائم اتحادی افواج نے یمنی حوثی فورسز کی جانب سے سعودی عرب پر کیے گئے حملوں کا بھرپور جواب دینے کا اعلان کردیا ہے۔

یمن میں سعودی اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ حوثیوں نے شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا، جو ان کی انتہاپسندانہ سوچ اور خطے میں کشیدگی بڑھانے کی پالیسی کو ظاہر کرتا ہے۔

ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ اتحادی افواج حوثیوں کے حملوں کا ذمہ داری اور بھرپور عزم کے ساتھ جواب دیں گی۔ حوثی فورسز کا مقابلہ کرنے اور سعودی عرب کے دفاع کے لیے تمام ضروری عملی اور دفاعی اقدامات کیے جائیں گے۔

اس سے قبل سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے بتایا تھا کہ پیر کے روز حوثی فورسز نے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے متعدد حملے کیے، جن کے نتیجے میں 13 شہری زخمی ہوئے۔

سعودی اتحادی افواج کے مطابق حملوں میں شہریوں اور شہری املاک کو نشانہ بنایا گیا، جس پر اتحادی افواج نے سخت ردعمل کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز یمنی حوثیوں نے سعودی عرب میں قائم کنگ خالد ایئر بیس کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

سعودی حکام کی جانب سے تازہ اعلان کے بعد خطے میں سعودی عرب اور حوثی فورسز کے درمیان کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں