زندگی نے پھر ایک خوبصورت حیرت سے نوازا، ماہرہ خان دوبارہ ماں بننے پر جذباتی

فہرستِ مضامین

شوبز: پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ انہیں زندگی کے اس مرحلے پر دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی، تاہم انہوں نے اس تجربے کو اللہ کی مرضی اور اپنی زندگی میں ایک خوبصورت تبدیلی قرار دیا۔

ماہرہ خان نے ایک روز قبل انسٹاگرام پر اپنے دوبارہ ماں بننے کی خوشخبری شیئر کی تھی، جس کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے انہیں مبارکباد اور نیک خواہشات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

بعدازاں ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ایک انٹرویو کے دوران ماہرہ خان نے اپنی حمل کی خبر اور اس دوران پیش آنے والے تجربات کے بارے میں تفصیل سے گفتگو کی۔

اداکارہ نے کہا کہ انہیں زندگی کے اس حصے میں دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی۔ ان کے مطابق اس وقت ان کی زندگی ایک خاص سمت میں آگے بڑھ رہی تھی، ان کا بیٹا بڑا ہوچکا تھا اور وہ اپنے کام، معمولات اور خودمختار زندگی میں مصروف تھیں۔

ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ انسان اپنی زندگی کے لیے بہت سے منصوبے بناتا ہے، لیکن اللہ کی اپنی منصوبہ بندی ہوتی ہے اور یقیناً وہ سب سے بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس تجربے نے انہیں یہ سکھایا ہے کہ زندگی کی ہر چیز کو اپنے قابو میں رکھنا یا ہر سوال کا جواب پہلے سے جاننا ضروری نہیں، بعض اوقات زندگی کو حیران کرنے اور اللہ کی مرضی کے سامنے خود کو سپرد کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

24 سال کی عمر اور 41 سال میں ماں بننے کا فرق

ماہرہ خان نے بتایا کہ جب وہ پہلی مرتبہ ماں بنی تھیں تو ان کی عمر 24 سال تھی، جبکہ اب وہ 41 برس کی ہیں اور جذباتی و جسمانی طور پر خود کو ایک مختلف عورت محسوس کرتی ہیں۔

اداکارہ کے مطابق پہلی مرتبہ ماں بننے کا تجربہ انہوں نے ایک خاص معصومیت کے ساتھ کیا تھا اور اس وقت وہ ممکنہ مشکلات کے بارے میں زیادہ نہیں سوچتی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ حمل کا تجربہ جسمانی طور پر زیادہ مشکل ثابت ہوا ہے۔ بعض دنوں میں جسم انہیں وہ کام کرنے کی اجازت نہیں دیتا جو ان کا ذہن کرنا چاہتا ہے، جبکہ وہ ہمیشہ مصروف رہنے، کام کرنے، سفر کرنے اور بیک وقت کئی ذمہ داریاں نبھانے کی عادی رہی ہیں۔

ماہرہ نے کہا کہ جذباتی طور پر بھی یہ تجربہ مختلف ہے، کیونکہ عمر کے ساتھ انسان میں شعور بڑھتا ہے، وہ زیادہ چیزوں کو سمجھتا اور زیادہ فکر کرتا ہے، جبکہ زندگی کی نزاکت اور اہمیت کا احساس بھی پہلے سے زیادہ ہوتا ہے۔

خوشی کے ساتھ خوف بھی محسوس ہوتا ہے

اداکارہ نے کہا کہ دوسری مرتبہ ماں بننے کے سفر میں انہیں بے حد خوشی کے ساتھ خوف، تھکن اور خود کو کمزور محسوس کرنے جیسے مختلف جذبات کا بھی سامنا ہے۔

واضح رہے کہ ماہرہ خان نے 2007 میں علی عسکری سے شادی کی تھی۔ دونوں کے ہاں 15 ستمبر 2009 کو بیٹے اذلان کی پیدائش ہوئی، تاہم 2016 میں دونوں کی طلاق ہوگئی۔

بعدازاں ماہرہ خان نے سلیم کریم کے ساتھ نئی زندگی کا آغاز کیا اور اکتوبر 2023 میں بھوربن میں دونوں کی شادی ہوئی۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں