بیجنگ: چین نے امریکا اور ایران پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی ختم کرکے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کریں، جبکہ آبنائے ہرمز کو جلد از جلد کھولنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کے دوران خطے کی صورتحال پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ چین علاقائی کشیدگی کا دائرہ یمن اور بحیرۂ احمر تک پھیلتا نہیں دیکھنا چاہتا۔
خلیجی ممالک کی خودمختاری کی حمایت
وانگ یی نے ایران کے خلیجی ممالک سے رابطوں اور خلیجی ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کی علاقائی خودمختاری اور قومی سلامتی کے احترام کی حمایت بھی کی۔
چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین علاقائی ممالک کی جانب سے موجودہ سکیورٹی ڈھانچے میں تبدیلی کی حمایت کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین ایران کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے بات چیت اور تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے۔
چینی وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکراتی عمل بحال کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔