وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ کی ملاقات، ڈیجیٹل نیشن پاکستان فریم ورک اور نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان پر تفصیلی گفتگو
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں ملک کے ڈیجیٹل ایجنڈے، نیشنل ڈیجیٹل کمیشن اور نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر آئی ٹی نے وزیراعلیٰ سندھ کو ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ 2025 اور پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے کردار کے حوالے سے بریفنگ دی۔
شزہ فاطمہ خواجہ نے بتایا کہ ڈیجیٹل پاکستان کا مقصد عوام، کاروباری طبقے اور حکومت کے درمیان خدمات کی فراہمی کو زیادہ مؤثر اور آسان بنانا ہے۔ ان کے مطابق وزیراعظم کی سربراہی میں نیشنل ڈیجیٹل کمیشن ملک کی ڈیجیٹل پالیسی اور مستقبل کی سمت کا تعین کرے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان، ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر اور ڈیٹا گورننس کے شعبوں میں کام کرے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ حکومت پہلے ہی 50 سے زائد ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور ای سروسز متعارف کرا چکی ہے۔ انہوں نے سندھ زمین، ای پے سندھ، ای آفس، سندھ جاب پورٹل اور سیف سٹی منصوبے کو صوبے کے اہم ڈیجیٹل اقدامات قرار دیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت ڈیجیٹل پاکستان کے وژن اور قومی ڈیجیٹل ایجنڈے کی مکمل حمایت کرتی ہے، تاہم صوبہ قومی اہداف سے ہم آہنگ اپنا ڈیجیٹل ماسٹر پلان بھی تیار کرے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل میں صوبائی خودمختاری، ڈیٹا اور ڈیجیٹل نظاموں کی ملکیت برقرار رکھی جائے گی۔ سندھ اپنے ڈیٹا، ڈیجیٹل نظاموں اور عملدرآمد سے متعلق فیصلوں پر مکمل اختیار برقرار رکھے گا۔
انہوں نے محکمہ آئی ٹی کو نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان کا جائزہ لینے اور اس حوالے سے سندھ حکومت کی تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی۔
مراد علی شاہ نے ڈیجیٹل، ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت کے ادارہ جاتی دفاتر کے قیام کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں قواعدِ کار، خریداری اور منصوبہ بندی کے طریقہ کار کو ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے واسل (WASL) کو نیشنل ڈیٹا ایکسچینج لیئر کے حوالے سے پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے ساتھ رابطے جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے زور دیا کہ ڈیٹا شیئرنگ کے کسی بھی فریم ورک میں سندھ کے ڈیٹا کی ملکیت اور کنٹرول کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
ملاقات کے اختتام پر وفاق اور صوبوں کے درمیان ڈیجیٹل گورننس، مصنوعی ذہانت اور عوامی خدمات کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔