اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اپوزیشن سے رابطے بحال کرنے کی درخواست کی ہے۔
اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور وفد کا دورہ خیر سگالی کے جذبے کے تحت تھا۔
اس سے قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن رہنماؤں محمود خان اچکزئی اور سینیٹر علامہ ناصر عباس سے ملاقات کی، جس میں پارلیمانی امور، قانون سازی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے اعلامیے کے مطابق بلاول بھٹو نے اپوزیشن قیادت سے پارلیمانی کمیٹیوں میں شمولیت کی درخواست کی۔ اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ وہ اس تجویز پر پی ٹی آئی چیئرمین سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی اور اپوزیشن قیادت نے پارلیمان میں قانون سازی کے حوالے سے رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ پیپلز پارٹی نے اپوزیشن پر زور دیا کہ وہ انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمان میں اپنا کردار ادا کرے۔
ملاقات میں پیپلز پارٹی کی جانب سے راجا پرویز اشرف، شیری رحمان، نوید قمر اور ندیم افضل چن جبکہ اپوزیشن کی جانب سے سلمان اکرم راجا، اسد قیصر، مصطفیٰ نواز کھوکھر، عامر ڈوگر، عادل بازئی اور اخونزادہ حسین یوسفزئی شریک تھے۔