ایرانی رکن پارلیمنٹ کی امریکا کو دھمکی: جوہری حملہ ہوا تو اسی نوعیت کا جواب دیں گے

فہرستِ مضامین

ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے رکن فدا حسین مالکی نے کہا ہے کہ اگر امریکا نے ایران کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کیے تو تہران بھی اسی نوعیت کے ہتھیار سے جواب دے گا۔

ترک میڈیا کے مطابق ایرانی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے فدا حسین مالکی نے ایران پر ممکنہ امریکی جوہری حملے سے متعلق ایک میڈیا رپورٹ پر ردعمل دیا۔ ان سے پوچھا گیا کہ وہ ایسے حملے کے امکان کو کس حد تک سنجیدہ سمجھتے ہیں۔

ایرانی رکن پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کوئی غیر دانشمندانہ اقدام خارج از امکان نہیں، تاہم انہیں نہیں لگتا کہ امریکا ایسا قدم اٹھانے کی جرات کرے گا، کیونکہ اس کے نتیجے میں دنیا ایک انتہائی خطرناک جنگ کی طرف جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر امریکا نے ایران کے خلاف ایسا کوئی اقدام کیا تو ایران لازماً جواب دے گا اور ردعمل کا انحصار اس ہتھیار کی نوعیت پر ہوگا جو ایران کے خلاف استعمال کیا جائے گا۔

جب ان سے واضح طور پر پوچھا گیا کہ ’’ہتھیار کی نوعیت‘‘ سے ان کی کیا مراد ہے تو فدا حسین مالکی نے کہا کہ امریکا جو ہتھیار استعمال کرے گا، ایران اسی کے مطابق جواب دے گا۔ تاہم انہوں نے یہ واضح طور پر دعویٰ نہیں کیا کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار موجود ہیں۔

ایرانی رکن پارلیمنٹ نے مزید کہا کہ امریکا جب تک اپنے سابقہ وعدوں پر عمل نہیں کرتا، ایران مذاکرات کی میز پر واپس نہیں آئے گا۔ ان کے مطابق اس کے نتیجے میں آبنائے ہرمز سمیت کئی اہم معاملات بدستور حل طلب رہیں گے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں