بین الاقوامی: سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ اور فلم پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ نے کروڑ پتی فنانسر کیمرون او ریلی سے شادی کرلی ہے۔ برطانوی میڈیا نے خاندان کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر اور پیغام کی بنیاد پر شادی کی خبر دی ہے۔
برطانوی میگزین ہیلو اور ڈیلی میل کے مطابق جمائما کے بھائی بین گولڈ اسمتھ کی اہلیہ جمائما جونز نے اپنے شوہر کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی، جس میں انہوں نے جمائما اور کیمرون کی شادی کی خوشی کا اظہار کیا۔
رپورٹس کے مطابق 52 سالہ جمائما گولڈ اسمتھ اور 62 سالہ آئرش نژاد آسٹریلوی کاروباری شخصیت کیمرون او ریلی کی ملاقات فلموں اور دستاویزی پروگراموں پر کام کے دوران ہوئی تھی۔ دونوں کی منگنی کی خبریں رواں سال مئی میں سامنے آئی تھیں، تاہم انہوں نے اپنے تعلق کو زیادہ تر میڈیا کی نظروں سے دور رکھا۔
کیمرون او ریلی کون ہیں؟
کیمرون او ریلی مرحوم سر انتھونی او ریلی کے بیٹے ہیں، جو میڈیا کے بڑے کاروباری افراد میں شمار ہوتے تھے اور آئرلینڈ کی قومی رگبی ٹیم کی نمائندگی بھی کر چکے تھے۔
کیمرون نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور اپنے پیشہ ورانہ سفر کے ایک مرحلے میں اپنے والد کے اخباری کاروبار، بشمول انڈیپنڈنٹ نیوز اینڈ میڈیا اور آسٹریلوی اشاعتی ادارے اے پی این نیوز اینڈ میڈیا میں کام کیا۔
بعدازاں انہوں نے نجی سرمایہ کاری کے شعبے میں قدم رکھا اور سوئٹزرلینڈ کی میٹرنگ کمپنی لینڈس اینڈ گائر کے سربراہ بھی رہے۔ 2011 میں یہ کمپنی توشیبا نے 2.3 ارب ڈالر میں خرید لی تھی۔
کیمرون او ریلی کے چار بچے ہیں، جبکہ جمائما گولڈ اسمتھ کے سابق وزیراعظم عمران خان سے دو بیٹے سلیمان اور قاسم ہیں۔
عمران خان کے ساتھ جمائما کے تعلقات
جمائما گولڈ اسمتھ اور عمران خان کی شادی 1995 میں ہوئی تھی، تاہم دونوں کی ازدواجی زندگی 2004 میں اختتام پذیر ہوگئی۔ طلاق کے بعد جمائما اپنے بچوں کے ہمراہ برطانیہ منتقل ہوگئیں۔
دونوں کے درمیان تعلقات خوش گوار رہے ہیں اور جمائما ماضی میں عمران خان کی حمایت کا اظہار کرتی رہی ہیں۔ ان کی حالیہ شادی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جمائما اور ان کے بیٹے پاکستان میں قید عمران خان کی رہائی کے لیے مہم چلا رہے ہیں۔
جمائما کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی
جمائما نے 2023 میں ہیلو میگزین کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنی زندگی کی کامیابیوں پر بات کرتے ہوئے اپنے بیٹوں کو سب سے اہم قرار دیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ انہیں اپنے بچوں پر بے حد فخر ہے۔ پیشہ ورانہ حوالے سے جمائما نے ٹیلی ویژن اور فلم کے شعبے میں کام کو اپنے لیے اہم چیلنج قرار دیا اور بتایا کہ وہ امریکہ اور برطانیہ کے لیے تقریباً 30 گھنٹے کی ٹیلی ویژن پروڈکشن کرچکی ہیں۔
انہوں نے فلم لکھنے کو ٹیلی ویژن پروڈکشن کے مقابلے میں کہیں بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے اس شعبے میں اپنی پیش رفت پر فخر کا اظہار کیا تھا۔