اسلام آباد: حکومت نے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف حاصل کرنے کے لیے رجسٹریشن اور سبسڈی لینے کا طریقہ کار واضح کردیا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزرا عطا تارڑ اور علی پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ نے بتایا کہ حکومتی اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، تین پہیہ گاڑی اور 800 سی سی تک کی گاڑی رکھنے والے شہریوں کو پیٹرول پر ریلیف دیا جائے گا۔
شزا فاطمہ کے مطابق دو اور تین پہیہ گاڑیوں کے لیے ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے 30 لیٹر پیٹرول پر سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ سبسڈی پروگرام دو مراحل پر مشتمل ہے، پہلے مرحلے میں شہریوں کو رجسٹریشن کرانا ہوگی۔
رجسٹریشن کے لیے صارف اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ موبائل نمبر سے 9771 پر پیغام بھیجے گا۔ پیغام میں REG، شناختی کارڈ نمبر، صوبے کا پہلا حرف اور گاڑی یا موٹر سائیکل کی رجسٹریشن کی تاریخ درج کرنا ہوگی۔
وزیرِ مملکت کے مطابق رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد جب شہری پیٹرول لینے جائے گا تو اسے 9771 پر TOK لکھ کر پیغام بھیجنا ہوگا۔ جواب میں موصول ہونے والا ٹوکن پیٹرول پمپ پر دکھانے کے بعد سبسڈی حاصل کی جاسکے گی۔
شزا فاطمہ نے شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ اپنا شناختی کارڈ نمبر یا ذاتی معلومات کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ ان کے مطابق حکومت شہریوں سے نہ کوئی اضافی ڈیٹا طلب کرے گی اور نہ ہی رجسٹریشن یا سبسڈی کے لیے کوئی فیس وصول کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پروگرام کے دوران سامنے آنے والی خامیوں کا جائزہ لے کر انہیں دور کیا جائے گا۔
حکومت کے مطابق اسلام آباد کے شہری 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب 12 بجے سے جبکہ ملک بھر، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے شہری 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب 12 بجے سے پیٹرول پر ریلیف حاصل کرسکیں گے۔