سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک جلد کے کینسر میں مبتلا

فہرستِ مضامین

سڈنی (ڈبلیو ٹی این اسپورٹس نیوز ) 2015 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے فاتح کپتان مائیکل کلارک نے جلد کے کینسر میں مبتلا ہونے کا انکشاف کر کے مداحوں کو افسردہ کردیا

44 سالہ مائیکل کلارک نے اپنی صحت سے متعلق ایک تازہ اپڈیٹ انسٹاگرام پر شیئر کی، جس میں اُنہوں نے ناک پر کٹے ہوئے زخم کی تصویر بھی لگائی۔کلارک نے خاص طور پر اس بات پر زور دیا کہ آسٹریلیا میں جلد کا کینسر ایک حقیقت ہے، اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ باقاعدگی سے اپنی جلد کا معائنہ کرواتے رہیں۔

کلارک نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ جلد کا کینسر حقیقت ہے خاص طور پر آسٹریلیا میں۔ آج ایک اور حصہ ناک سے نکالا گیا۔ یہ ایک دوستانہ یاد دہانی ہے کہ اپنی جلد کا معائنہ کروائیں۔ احتیاط علاج سے بہتر ہے، لیکن میرے معاملے میں باقاعدہ چیک اپ اور جلد تشخیص بہت اہم ہے۔ میں شکر گزار ہوں کہ ڈاکٹر نے اسے بروقت پکڑ لیا۔

انہوں نے کہا کہ تقریباً ہر بار جب مجھے اپنے جسم سے، خاص طور پر چہرے سے، کچھ نشانات یا زخم ہٹوانے پڑتے ہیں، تو اس کی وجہ یہ ہے کہ میں نے اپنی زندگی کا بہت سارا وقت دھوپ میں گزارا ہے،  کلارک کے مطابق میرے جسم سے شاید بیس (20) سے زیادہ جلدی کینسر کے زخم کاٹے جا چکے ہیں۔

مائیکل کلارک کا کیریئر

مائیکل کلارک نے 2004 سے 2015 کے دوران آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے 115 ٹیسٹ، 245 ون ڈے اور 34 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔

انہیں ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں فارمیٹس میں آسٹریلیا کی قیادت کا اعزاز حاصل ہوا۔ کلارک نے 74 ٹیسٹ میچز (47 فتوحات، 16 شکستیں) اور 139 ون ڈے میچز میں کپتانی کی۔

ان کی قیادت میں آسٹریلیا نے 2013-14 کی ایشیز سیریز میں انگلینڈ کو 0-5 سے شکست دی، اور اس کے بعد سے انگلینڈ وہ ٹرافی واپس نہیں جیت سکا۔ جارحانہ حکمتِ عملی اور جفاکشی کے لیے مشہور کلارک کو آسٹریلیا کے عظیم ترین بلے بازوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

مائیکل کلارک کی بیٹنگ کارکردگی

مائیکل کلارک نے جنوری 2003 میں انگلینڈ کے خلاف اپنے ون ڈے ڈیبیو میں 39 رنز بنائے اور ایک وکٹ بھی حاصل کی۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں 8,643 ٹیسٹ رنز بنائے، اوسط 49.10، 28 سنچریاں اور 27 نصف سنچریاں اسکور کیں۔ ان کا سب سے بہترین اسکور 329  رنز رہا۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں آسٹریلیا کے چھٹے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر ہیں۔

سال 2012 کلارک کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں سنہری سال ثابت ہوا  11 ٹیسٹ میچز میں 1,595 رنز بنائے، اوسط 106.33، جس میں ایک ٹرپل سنچری (329)، تین ڈبل سنچریاں، ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں شامل تھیں۔

وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلے کھلاڑی بنے جنہوں نے ایک کیلنڈر سال میں چار ڈبل سنچریاں بنائیں، اور اسی سال آئی سی سی ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں پہلے نمبر پر پہنچے  تھے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں