پاکستانی شوبز انڈسٹری میں رکنِ پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف سامنے آنے والے الزامات میں ایک اور نام شامل ہوگیا ہے۔ اداکارہ عروبہ مرزا نے بھی سوشل میڈیا پر مبینہ اسکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں بھی آن لائن ہراساں کیا گیا۔
عروبہ مرزا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ایسے مبینہ اسکرین شاٹس پوسٹ کیے جنہیں انہوں نے ثاقب چدھڑ سے منسوب کیا۔ ان پیغامات میں مبینہ طور پر اداکارہ سے مسلسل رابطہ کرنے اور گفتگو کو اسنیپ چیٹ پر منتقل کرنے کی درخواستیں کی گئی تھیں۔
اسکرین شاٹس کے ساتھ اداکارہ نے مختصر پیغام میں لکھا، “مومنہ اقبال اور طوبیٰ انور کے بعد اب میں بھی۔”

یاد رہے کہ اس سے قبل اداکارہ مومنہ اقبال بھی ثاقب چدھڑ پر آن لائن ہراسانی، سائبر بُلنگ، ذہنی دباؤ اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے الزامات عائد کرچکی ہیں۔ ان کی شکایت پر پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، جس کی تحقیقات نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کر رہی ہے۔
اسی طرح اداکارہ طوبیٰ انور نے بھی حال ہی میں الزام لگایا تھا کہ ثاقب چدھڑ نے انہیں بطور تحفہ آئی فون دینے کی پیشکش کی تھی۔
واضح رہے کہ ثاقب چدھڑ کی جانب سے ان الزامات پر مؤقف سامنے آنا باقی ہے، جبکہ متعلقہ ادارے پہلے سے درج مقدمے کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔