زمین اور راستے کے تنازع پر تصادم، دادو کے کچے میں 8 افراد جاں بحق

فہرستِ مضامین

دادو کے کچے کے علاقے میں زمین کے تنازع پر دو گروہوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ دو برادریوں کے درمیان زمین کے تنازع اور راستہ نکالنے کے معاملے پر پیش آیا، جہاں تلخ کلامی کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی اور دونوں جانب سے فائرنگ شروع کردی گئی۔

فائرنگ کے نتیجے میں 8 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گوٹھ دانو چانڈیو میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ انہوں نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ پولیس سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کردی۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں