صاحبزادہ فرحان نے بھارتی اسٹار کو پیچھے چھوڑ دیا

فہرستِ مضامین

پاکستانی اوپنر صاحبزادہ فرحان نے آئی سی سی کی تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بیٹنگ رینکنگ میں شاندار پیش رفت کرتے ہوئے بھارت کے ابھیشیک شرما کو پیچھے چھوڑ دیا اور دنیا کے دوسرے بہترین ٹی ٹوئنٹی بیٹر بن گئے۔

بھارت کی زمبابوے کے خلاف 3-0 سے سیریز میں کامیابی کے بعد آئی سی سی نے نئی رینکنگ جاری کی، جس میں کئی نمایاں تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں۔ صاحبزادہ فرحان 848 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے، جبکہ 819 پوائنٹس رکھنے والے ابھیشیک شرما ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے۔ بھارتی وکٹ کیپر بیٹر ایشان کشن 910 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں۔

پاکستان کے دیگر بیٹرز میں صائم ایوب 560 پوائنٹس کے ساتھ 41ویں، بابر اعظم 555 پوائنٹس کے ساتھ 43ویں، جبکہ ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا 547 پوائنٹس کے ساتھ 45ویں نمبر پر برقرار ہیں۔

بولرز کی رینکنگ میں بھی پاکستان کے لیے خوش آئند خبر سامنے آئی، جہاں اسپنر ابرار احمد 736 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دنیا کے دوسرے بہترین ٹی ٹوئنٹی بولر کی حیثیت برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ افغانستان کے راشد خان بدستور سرفہرست جبکہ انگلینڈ کے عادل رشید تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

دیگر پاکستانی بولرز میں محمد نواز ٹاپ ٹین میں شامل ہو کر 10ویں نمبر پر موجود ہیں، سلمان مرزا ایک درجہ ترقی کے بعد 15ویں جبکہ شاہین شاہ آفریدی بھی ایک درجہ بہتری کے ساتھ 30ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں