دبئی: ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن سری لنکا ویمنز ٹیم نے پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثنا نے 47 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جبکہ شوال ذوالفقار نے 24 اور گل فیروزہ نے 21 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم نے 19ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز بنا کر کامیابی حاصل کرلی۔
سری لنکا کی جانب سے ہرشیتھا سماراوکرما نے 36 جبکہ کویشا دلہاری نے 33 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی کپتان فاطمہ ثنا نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 38 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، تاہم ان کی آل راؤنڈ کارکردگی پاکستان کو کامیابی نہ دلاسکی۔
ایونٹ کا فائنل اتوار کو بھارت اور سری لنکا کی ویمنز ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔