اسلام آباد: پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے باہمی تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے پاکستان اور ایران کے درمیان مشترکہ تجارتی کمیٹی (جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی) کے دسویں اجلاس میں سامنے آیا، جہاں دونوں ممالک نے اقتصادی تعاون میں توسیع، تجارتی روابط مضبوط بنانے اور نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی، مذہبی اور برادرانہ تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے پاک۔ایران فری ٹریڈ ایگریمنٹ کو جلد از جلد حتمی شکل دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے تجارتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوگا، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور دونوں ممالک کے کاروباری حلقوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے وفود نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ باہمی تعاون کو مزید وسعت دیتے ہوئے دوطرفہ تجارت کا حجم مرحلہ وار 10 ارب ڈالر تک پہنچانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔